اخلاقیات کیا چیز ہے؟

Study buddhism what is ethics

اخلاقیات اخلاقی اقدار کا ایک ایسا نظام ہے جو ایک خوشگوار زندگی کی خاطر ہمارے رویہ کو تشکیل کرتا ہے۔ اخلاقیات کے توسط سے ہم ایمانداری سے زندگی بسر کرتے ہیں، جس سے ہمارے ارد گرد لوگوں سے بھروسہ اور دوستی جنم لیتی ہے۔ اخلاقیات مسرت کی کلید ہے۔

بدھ مت میں اخلاقیات

بدھ مت میں اخلاقیات کی بنیاد امتیازی آگہی پر ہے: ہم اپنی عقل سے اس بات کا تعیّن کرتے ہیں کہ کیا چیز دیرپا مسرت لاتی ہے اور کون سی چیز اضطراری مسائل کا باعث بنتی ہے۔ یہ آنکھیں بند کر کے کسی اصولوں کی فہرست پر عمل کرنے کا نام نہیں ہے، بلکہ اس بات کا تیقن ہے کہ اخلاقی اصولوں کی پیروی منطقی امر ہے۔

اگر ہم واقعی اپنی بھلائی کی فکر کرتے ہیں، تو اپنے رویہ کے متعلق عاقلانہ فیصلے کرنا معقول امر ہے۔ ہر کوئی مسرت کا خواہاں ہے اور اس کا حقدار بھی ہے، جس میں ہم بھی شامل ہیں۔ 

[دیکھئیے: مسرت کیا چیز ہے؟]

عزتِ نفس کی کمی سے اخلاقی بے راہ روی کا رویہ جنم لیتا ہے، جبکہ قدرِ نفس سے تکریم نفس پیدا ہوتی ہے۔ تکریم نفس کی بدولت ہم اپنی اس درجہ عزت کرتے ہیں کہ ہم کبھی بھی کوئی غیر اخلاقی حرکت نہیں کریں گے؛ یہ کچھ جچتا ہی نہیں۔

جس طرح ایک سوم رس چوسنے والی شہد کی مکھی پھول کے رنگ اور خوشبو کو منتشر نہیں کرتی؛ دانا لوگ بھی ایسے ہی دنیا میں گھومتے پھرتے ہیں۔ – دھما پد: پھول، اشلوک ۴۹

"جو ہو سو ہو" کے رویہ سے تنہائی اور دل شکستگی کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ اخلاقی احساس سے ہم ایسے رویہ پر قابو پا لیتے ہیں۔ ہم قابل اعتماد، مستحکم دوستیاں استوار کرتے ہیں جو کہ پر مسرت اور کامیاب زندگی کی بنیاد ہے۔ 

تعقل کی بنیاد پر قائم اخلاقیات اور عہد و پیمان

بدھ مت کے پاٹھ کی بنیاد عام سوجھ بوجھ ہے۔ اگر ہمارا رویہ دوسروں کی جانب خود پرست، غصیلا اور متکبر والا ہے تو ہم یہ کیسے توقع کر سکتے ہیں کہ ہماری زندگی پر سکون اور پر مسرت ہو گی؟

بدھ مت میں عہد و پیمان کے مختلف درجات ہیں۔ مثال کے طور پر، تبتی مسلک کے مطابق مکمل منصب یافتہ بھکشووں کو ۲۵۳ عہد کرنا ہوتے ہیں۔ بہت سارے عام بودھی "پانچ عام قاعدوں" کا عہد باندھتے ہیں، جو کہ یوں ہیں:

  • جاندار کو مارنے سے گریز کرنا
  • ایسی کوئی چیز جو آپ کو نہ دی گئی ہو اسے لینے سے گریز کرنا
  • جنسی بے راہ روی سے پرہیز کرنا
  • دروغ گوئی سے پرہیز کرنا
  • منشیات سے پرہیز کرنا

بودھی پاٹھ کرنے والے یہ حلف اس لئیے اٹھاتے ہیں تا کہ ایسی زندگی بسر کریں جو عبادت کے لئیے موزوں ہو۔ یہ اصول ہمیں درست سمت پر قائم رکھتے ہیں، اور ایک خوشگوار اور کامیاب زندگی استوار کرنے کے اسباب پیدا کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔ 

کامیاب زندگی کے لئیے اخلاقیات

بعض لوگوں کا کامیاب زندگی کا تصور ڈھیر ساری دولت اور طاقت سے عبارت ہے۔ اگر ہمیں یہ سب مل بھی جاۓ تو بھی ہم کبھی مطمٔن نہیں ہوتے اور اسے کھو دینے کے خوف تلے رہتے ہیں۔ ہمارے پاس جتنا زیادہ ہو، خاص طور پر جب اسے دوسروں کے استحصال سے حاصل کیا ہو، اتنے ہی زیادہ ہمارے دشمن بنتے ہیں۔ ایسا تو کوئی بھی نہیں کہے گا کہ کامیاب زندگی وہ ہے جس میں لوگ ہمیں نا پسند کریں۔ کامیاب زندگی وہ ہے جس میں ہم نے بہت سے دوست بناۓ اور لوگ ہماری صحبت میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔ پھر اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا کہ ہمارے پاس کتنی دولت یا طاقت ہے؛ ہمارے پاس جذبات کی وہ دولت ہو گی جو کہ کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کے لئیے ضروری ہے۔ 

اخلاقی اصول ایسے رویہ کی جانب راہنمائی کرتے ہیں جس سے خوشی ملتی ہے، اور وہ بھی جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ جب ہم ایماندار ہوں اور دوسروں کی خوشی کی تمنّا کریں، تو لوگ ہمارے اوپر بھروسہ کرتے ہیں کہ ہم دھوکہ، دھونس یا استحصال سے کام نہیں لیں گے۔ ایسا اعتماد، وہ جن سے ہم دوستی استوار کریں، ان کے ساتھ ایک بنیاد باندھنے کا کام دیتا ہے۔ وہ ہماری صحبت میں طمانیت اور مسرت محسوس کرتے ہیں کیونکہ انہیں ہم سے کوئی خطرہ نہیں۔ ہم بھی جواباً خوش ہوتے ہیں۔ ایسا کون پسند کرتا ہے کہ جب ہم کسی کے قریب ہوں تو وہ محتاط ہو جائیں یا کانپنے لگ پڑیں؟ ہر کسی کو مسکراتا ہوا چہرہ اچھا لگتا ہے۔ 

انسان ایک سماجی مخلوق ہے: ہمیں محض اپنی بقا کے لئیے دوسروں کی سہائیتا کی ضرورت ہوتی ہے۔ نہ صرف اس وقت جب ہم بے یار و مدد گار نوزائیدہ ہوں یا نرسنگ ہوم میں لاغر، بوڑھے انسان، بلکہ تمام عمر ہمیں دوسروں کی مدد درکار ہوتی ہے۔ محبت بھری دوستیوں سے جو جذباتی سہائیتا ہمیں ملتی ہے اس سے ایک بھرپور زندگی تشکیل پاتی ہے۔ مضبوط اخلاقی اقدار کے ذریعہ ہم ہر ملاقاتی سے دوستانہ تعلقات پیدا کر سکتے ہیں۔

ویڈیو: چودھویں دلائی لاما ـ «سچی دوستی»
ذیلی سرورق کو سننے/دیکھنے کے لئیے ویڈیو سکرین پر دائں کونے میں نیچے ذیلی سرورق آئیکان پر کلک کریں۔ ذیلی سرورق کی زبان بدلنے کے لئیے "سیٹنگز" پر کلک کریں، پھر "ذیلی سرورق" پر کلک کریں اور اپنی من پسند زبان کا انتخاب کریں۔
Top