اچھے برے اور مثبت و منفی کی تعریف
منفی جذبات سے کیسے نمٹا جائے؟ یہ ایک اہم موضوع ہے جو اس بحث کو جنم دیتا ہے کہ مثبت کیا ہے اور منفی کیا ہے۔ کیا کوئی ایسی شے بھی ہے جو قطعی طور پر بری ہو یا قطعی طور پر اچھی؟ میں حقیقتاً اس سے واقف نہیں ہوں۔ ہر شے کا دارومدار کسی اور شے (اشیا) پر ہے، اور ہر شے کے کئی پہلو ہیں۔ ایک شاہد کسی شے کواپنی مخصوص نظر سے دیکھتا ہے اور اسے ایک تصویر نظر آتی ہے۔ مگر وہی شاہد جب دوسری طرف سے (اسی شے کو) دیکھتا ہے تو اسے مختلف خاکہ نظر آتا ہے۔ پھر آخر اس کی کیا وجہ ہے کہ ہر شخص کا دنیا کے بارے میں نظریہ مختلف ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم سب دنیا کو مختلف انداز سے دیکھتے ہیں۔ حتیٰ کہ ایک ہی شے اسی شخص کو مختلف لگتی ہے۔ تو اچھے اور برے میں کیا تمیز ہے اور ان کی تعریف کیا ہے؟ مجھے معلوم نہیں۔ ایک چیونٹی بھی اس بات کا جائزہ نہیں لیتی، لیکن چیونٹی اتنا ضرور جانتی ہے کہ ہر وہ شے جو اس کی زندگی کو جلا بخشتی ہے اچھی ہے اور وہ اسے اچھا سمجھتی ہے۔ اور ہر وہ شے جو اس کی زندگی کے لئے خطرے کا باعث ہے اسے برا سمجھتی ہے اور اس سے بچ کر گزر جاتی ہے۔
پس شائد ہم یہ کہ سکتے ہیں کہ [اچھے اور برے کا تعلق] ہماری بقا سے ہے۔ ہم آرام اور مسرت کے خواہاں ہیں۔ پس ہروہ شے جو ہماری بقا کے لئے سود مند ہے اسے ہم اچھا جانتے ہیں: یہ مثبت بات ہے۔ اور ہر وہ شے جو ہم پر حملہ آور ہوتی ہے اور جسے ہم اپنی بقا کے لئے خطرناک تصور کرتے ہیں اسے ہم برا سمجھتے ہیں: [یہ ایک منفی بات ہے]۔