موت اور مرنے کے متعلق بودھی نصیحت

09:23
ہم سب کو موت کا مزہ چکھنا ہے اس لئیے ہمیں اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہئیے۔ اپنی فنا کے بارے میں حقیقت پسندی ہمیں ایک بھرپور اور با مقصد زندگی بسر کرنے کی راہ دکھاتی ہے۔ اس طرح خوف تلے مرنے کی بجاۓ ہم خوشی خوشی موت کو گلے لگا سکتے ہیں کیونکہ ہم نے بھرپور زندگی گزاری ہے۔

با مقصد زندگی بسر کرنا

سنین کے مابین ہمارے جسموں میں تبدیلی آئی ہے۔ عام الفاظ میں، روحانیت اور مراقبہ بھی اس کو روکنے سے قاصر ہیں۔ ہم عدم استقلال کے مارے ہوۓ ہیں، ہر لحظہ رو بہ تغیّر، لمحہ بہ لمحہ تغیّر پذیر؛ یہ قدرت کا حصہ ہے۔ وقت ہر وقت حرکت میں ہے؛ اسے کوئی قوت روک نہیں سکتی۔ تو اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم وقت کا صحیح مصرف کر رہے ہیں۔ کیا ہم اوروں کے لئیے مزید مسائل پیدا کرنے میں اپنا وقت خرچ کرتے ہیں، جس کے نتیجہ میں باالآخر ہم بذاتِ خود عدم مسرت کا شکار ہو جاتے ہیں؟ میرے خیال میں یہ وقت کا غلط مصرف ہے۔

ایک بہتر طریقہ یہ ہو گا کہ ہم روزانہ اپنے من کو کسی مناسب ترغیب سے تشکیل دیں اور پھر تمام دن اس ترغیب کے تحت گزاریں۔ جس سے مراد یہ ہے کہ، اگر ممکن ہو تو، دوسروں کی خدمت کریں؛ یا پھر، کم از کم، کسی کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔ اس معاملہ میں مختلف پیشوں کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ آپ کا پیشہ کچھ بھی ہو، آپ کی ترغیب مثبت ہو سکتی ہے۔ اگر ہم روزانہ اپنا وقت یوں گزاریں، بلکہ ہفتوں، مہینوں، سالوں – عشروں نہ کہ پانچ برس کے لئیے – تو پھر ہماری زندگی با مقصد ہو جاتی ہے۔ اور کچھ نہیں تو کم از کم ہم اپنے من کی شادمانی میں کچھ نہ کچھ اضافہ کر رہے ہیں۔ جلد یا بدیر ہمارا آخری وقت آۓ گا اور اس وقت ہمیں کوئی پشیمانی نہیں ہو گی یہ جان کر کہ ہم نے اپنا وقت تعمیری انداز سے استعمال کیا۔

Top