عدم تشدد اور روحانی اقدار

آج مجھے عدم تشدد اور روحانی اقدار پر جدید دنیا کے حوالے سے بات کرنے کو کہا گیا ہے۔ یہ موضوع اس لحاظ سے بھی خاص اہمیت کا حامل ہے کہ، جہاں تک مجھے علم ہے، آپ طلباء طب اور درس و تدریس کے پیشے اختیار کرنے والے ہیں، تو آپ کے دوسروں کی مدد کرنے کے مشن کے لئیے یہ امر نہایت اہم ہے کہ آپ اپنی طرف سے پرامن انداز سے امداد فراہم کریں۔ کسی کی مدد بے شک تشدد کی ضد ہے۔ اور آپ کے اندر بعض روحانی اقدار کا وجود آپ کے کام کو اہم بنا دے گا، یعنی اس کا مقصد محض پیسہ کمانا ہی نہیں، بلکہ اس سے آپ کے اندر اس عمدہ موقع کی قدر و قیمت کا احساس پیدا ہو گا کہ آپ کس طرح اپنے کام کے ذریعہ لوگوں کی با مقصد مدد کر سکتے ہیں۔ 

بدھ مت دیگر مذاہب کی مانند عدم تشدد کے متعلق بہت کچھ کہتا ہے، اور بے شک مختلف مکاتبِ فکر عدم تشدد کو مختلف تعبیر دیتے ہیں۔ عموماً ہم تشدد سے مراد کوئی دست درازی کا فعل لیتے ہیں، اور عدم تشدد سے مراد اس قسم کے فعل سے گریزاں ہونا تصور کیا جاتا ہے۔ لیکن بدھ مت کا تصور اس کے متعلق من کے حوالے سے ہے، ہمارے من کی وہ حالت جو ایسے موقع پر ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ خواہ ہم کسی قسم کے پر تشدد رویہ کا اظہار کریں یا نہ کریں، ایسا رویہ ہمارے من کی پر تشدد حالت سے جنم لیتا ہے، ہے نا؟ لہٰذا محض تشدد سے گریز جب کہ ہمارے من میں کسی کے متعلق نہایت معاندانہ احساسات ہوں – اس سے یقیناً کام نہیں بنے گا۔ پس اس من کی حالت کو پہچاننا اور اس پر قابو پانے کے طریقے سیکھنا ضروری ہے۔  

Top