پناہ کیا چیز ہے؟

What ias refuge%20article

ہم سب اپنی زندگیوں میں مقصد کو تلاش کرتے ہیں۔ بعض لوگ اسے اپنے پیشہ میں ڈھونڈتے ہیں، بعض تازہ ترین فیشن کے پہلو بہ پہلو چل کر، اور بعض دور دراز مقامات کا سفر کر کے۔ لیکن بالآخر، پیشہ اپنی انتہا کو ریٹائرمنٹ کی صورت میں پہنچتا ہے، فیشن ہر دم رو بہ تغیّر ہوتے ہیں، اور تعطیلات پلک جھپکتے ہی ختم ہو جاتی ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی ہمیں دیرپا مسرت یا سکون نہیں بخشتا۔ جدید دور میں لاکھوں راستوں کی موجودگی میں – مادی یا روحانی – اس بارے میں مخمصے کی کمی نہیں کہ ہم اپنی زندگی میں کیا کریں یا کیا نہ کریں۔

بدھ مت میں، پناہ سے مراد اپنی زندگی کو کسی با مقصد ڈگر پر ڈالنا ہے۔ اس ڈگر کا مطلب اپنی کمزوریوں پر قابو پانا اور اپنی تمام صلاحیتوں کو بروۓ کار لانا ہے تا کہ ہم اپنے لئیے اور باقی سب کے لئیے عمدہ ترین مدد فراہم کر سکیں۔ بدھ مت میں پناہ ہمیں اکتاہٹ، بھوک اور پریشانی سے تحفظ سے کہیں زیادہ معاون ہے۔ اس کا مدعا خارجی صورت حال کو بدلنا نہیں ہے: ہمیں کسی خاص لباس یا بالوں کے نئے سٹائل کی ضرورت نہیں۔ بدھ مت میں پناہ سے مراد اپنے من کی حالت کو بدلنا ہے۔ اس کا مطلب اس امر کی عمیق فہم ہے کہ کونسی شے زندگی کو با مقصد بناتی ہے، اور کس چیز سے ہمیں حال اور مستقبل میں مسرت دستیاب ہو گی۔ مختصراً، بودھی پناہ ہمیں دکھ سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔  

بودھی لوگ عام طور پر "پناہ مانگنا" یا "پناہ لینا" کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں کیونکہ پناہ گیری ایک فعال معاملہ ہے۔ یہ وہ بنیادی قدم ہے جو ہم بدھ مت کی راہ پر چلنے کے لئیے اٹھاتے ہیں۔ ہم ایسا کیوں کرتے ہیں؟ جب ہمیں انسانی فطرت کی سوجھ بوجھ ہوتی ہے – کہ ہم سب تسکین اور مسرت کے متلاشی ہیں، اور کوئی بھی دکھ جھیلنا نہیں چاہتا – تو ہم کسی ایسی چیز کے خواہاں ہوتے ہیں جو ہماری مدد گار ہو۔ تب بدھ مت میں ہم پناہ کی خاطر تین جواہر کی جانب رجوع کرتے ہیں۔

یہ تین جواہر مہاتما بدھ، دھرم اور سنگھا ہیں۔ 

ہم تحفظ کی خاطر مہاتما بدھ کی جانب رجوع کرتے ہیں کیونکہ بطور ایک روشن ضمیر معلم کے، وہ ہمیں نہ صرف ایک بے معنی زندگی سے نکلنے کی راہ دکھاتا ہے بلکہ دکھ سے مکمل نجات بھی دلاتا ہے۔ اس نے بتایا کہ من بنیادی طور پر پاک صاف ہے اور یہ کہ، درد مندی اور حکمت سے، ہم اپنی تمام الجھنوں اور منفی جذبات سے چھٹکارا پا سکتے ہیں تا کہ وہ کبھی لوٹ کر نہ آئیں۔ دھرم سے مراد مہاتما بدھ کی وہ تعلیمات ہیں جو ہمیں اس کے حصول کا طریقہ بتاتی ہیں، تا کہ جب ہم پناہ کی جانب جائیں، تو ہم زندگی کے تمام مسائل کو حل کرنے کی خاطر مختلف بودھی طریقوں کو اختیار کریں۔ سنگھا سے مراد بھکشو، بھکشونیاں اور ہمارے بودھی ساتھی ہیں۔ وہ ہمارے لئیے مثال قائم کرتے ہیں اور ہمیں بودھی راہ پر چلنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

ہمارے عہد باندھنے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم اپنے دوست احباب اور معاشرے سے تعلق توڑ دیں۔ در حقیقت، جب ہم تین جواہر میں پناہ لیتے ہیں، ہم نہ صرف اپنے لئیے ایک با مقصد زندگی تشکیل کرتے ہیں بلکہ ہم اپنے دل میں دوسروں کے لئیے جگہ بناتے ہیں اور یہ سمجھنا شروع کر دیتے ہیں کہ ہم اپنے ارد گرد لوگوں کے لئیے اور پوری دنیا کے لئیے کیا بھلائی کا کام کر سکتے ہیں۔

جب ہم مہاتما بدھ، دھرم اور سنگھا میں پناہ لیتے ہیں تو ہمرا مخمصہ ختم ہو جاتا ہے۔ ہماری روحانیت تلاش کرنے کی جستجو ختم ہو جاتی ہے، اور اگرچہ ہمیں پھر بھی کسی حد تک آرام اور مادی اشیا کی ضرورت رہتی ہے، مگر ہم دوامی مسرت کی خاطر اس پر بھروسہ نہیں کرتے۔ بدھ مت کے اصولوں کو اپنانے سے ہم پریشانی سے نجات حاصل کرتے ہیں اور زیادہ اہم کاموں کے لئیے وقت نکالنے کے اہل ہوتے ہیں: اپنے آپ کو جذباتی طور پر مزید پر مسرت اور صحتمند بنانا۔

پناہ کے تواتر اور فعال ہونے کی یہی وجہ ہے۔ یہ ایسی چیز ہے جس پر ہمیں متواتر کام کرنا ہے۔ یہ ایسا نہیں کہ جس پر ہمارا ایمان ہے اور ہم مہاتما بدھ سے دعا کرتے ہیں جیسے کہ وہ کوئی خدا ہو۔ اور یہ بھی نہیں کہ ہمارے بودھی دوست ہمارے لئیے اس کام کو کر دیں گے۔ اسی لئیے کہا جاتا ہے کہ سب سے بہترین تحفظ مہاتما بدھ کی تعلیمات یعنی دھرم میں ہے۔ اگر ہمارا مہاتما بدھ پر اور بہت سارے عاقل اور درد مند بودھی دوستوں پر پکا ایمان ہو بھی، تب بھی ہمیں پناہ سے کچھ فائدہ نہ ہو گا جب تک کہ ہم بذات خود دھرم کی تعلیمات پر عمل نہ کریں۔ جب ہم موٹی موٹی باتیں جیسے کہ کسی کو نقصان نہ پہنچانا، بھلائی کے کاموں میں حصہ لینا اور اپنے من کو سدھانا، میں حصہ لیں گے تو اس سے یقیناً ہماری زندگی مزید با مقصد ہو جاۓ گی۔

گو کہ ایسی رسومات موجود ہیں جہاں ہم با قاعدگی سے بودھی راہ پر اپنے سفر کا آغاز کر سکتے ہیں، اصل عہد دل سے باندھا جاتا ہے۔ جب ہم اپنے آپ کو بہتر بنانے پر کام شروع کرتے ہیں تب سے ہمیں صحیح تحفظ ملتا ہے۔

ویڈیو: گیشے تاشی تسرنگ ـ «پناہ لینے کے فوائد»
ذیلی سرورق کو سننے/دیکھنے کے لئیے ویڈیو سکرین پر دائں کونے میں نیچے ذیلی سرورق آئیکان پر کلک کریں۔ ذیلی سرورق کی زبان بدلنے کے لئیے "سیٹنگز" پر کلک کریں، پھر "ذیلی سرورق" پر کلک کریں اور اپنی من پسند زبان کا انتخاب کریں۔
Top