عموماً بدھ مت کو مراقبہ سے منسوب کیا جاتا ہے۔ مگر یہ کئی ایک ایسے انداز ہاۓ فکر بھی دیتا ہے جن کا اطلاق کسی بھی شعبہ میں ممکن ہے۔ آئیے ہم ان بودھی اصولوں کا جائزہ لیتے ہیں جو کسی کاروبار یا پراجیکٹ کو چلانے میں معاون ہو سکتے ہیں۔
ہدف کی توضیح کیجئیے
بدھ مت اس بات پر بہت زور دیتا ہے کہ بودھی پاٹھ شروع کرنے سے قبل اپنے ہدف اور سمت کی واضح سوجھ بوجھ لازم ہے۔ ہمارا مقصد اپنے آپ کو ضرر رساں جذبات سے مکمل نجات دلانا اور اپنے من اور قلب کی صلاحیتوں کو پوری طرح حرکت میں لانا ہے۔ یہ آخری دَشا "روشن ضمیری" کہلاتی ہے۔
اسی طرح، جب ہم کوئی پراجیکٹ یا کاروبار شروع کریں، تو ہدف کی توضیح نہائت ضروری ہے۔ کیا یہ منافع کمانا ہے؟ کیا یہ ہمارے گاہکوں کے لئیے کوئی خاص قدر و قیمت بڑھانا ہے یا کسی مسٔلے کا حل ڈھونڈھنا ہے جو انہیں درپیش ہے؟ ہدف کا بیان جس قدر واضح ہو گا، اس کا حل تلاش کرنا اتنا ہی آسان ہو گا، اور کامیابی کا امکان بھی اتنا ہی روشن ہو گا۔
علت و معلول کے اصول پر چلئیے
ایک بار جب ہدف کا تعیّن ہو جاۓ تو پھر ان اسباب کی شناخت کرنا ہو گی جو اسے پانے میں کام آئیں۔ روشن ضمیری پانے کے لئیے یہ اسباب ہمارے نقصان دہ رویہ کی روک تھام اور ہمارے من کی صالح صفات کی مشق، دنیا کا مثبت اور حقیقت پسند انداز سے مشاہدہ اور اس سے نبرد آزمائی پر مشتمل ہیں۔
کسی کاروباری پراجیکٹ کے معاملہ میں ہم منطقی انداز سے ان اسباب کا جائزہ لیں گے جو ہمیں ہمارے ہدف تک پہنچا سکیں۔ یہ طریق کار نسبت معکوس کی مانند ہے۔ ہم مختلف افعال جو ہدف کو پانے میں کار گر ہوں گے کے منطقی نتائج کے تانے بانے کا مطالعہ کرتے ہیں۔ یہ طریق کار ہمیں ہدف کو پانے اور پراجیکٹ کے لئیے ایک موثر لائحہ عمل تیار کرنے میں مطلوب اقدام کا تعین کرنے میں مدد کرتا ہے۔
درد مندی: گاہک کی مشکل حل کریں
درد مندی بدھ مت کا ایک نہائت اہم اصول ہے۔ مہاتما بدھ کی تعلیمات کے مطابق:
درد مندی سے مراد دوسروں کو مصائب سے نجات دلانے کی تمنا ہے۔
اس کا کاروبار سے کیا تعلق ہے؟ کاروباری ادارہ گاہک کی کوئی مشکل حل کرتا ہے۔ اگر یہ نیا حل جو اس کاروبار نے پیش کیا یہ موجودہ حل سے بہتر ہے تو یہ مقابلہ کی دوڑ جیت لیتا ہے۔ پس، کسی ایسی مشکل کا ادراک جو ہمارے گاہکوں کو پیش آ سکتی ہے، اور اس کی جانب تعلق خاطری کا مظاہرہ نہائت اہم ہے۔ ہمیں کسی سچ مچ کی مشکل کی شناخت اور اسے ہمیشہ پیش نظر رکھنا جس سے ہمارے صارفین کو ان کی زندگی میں واسطہ ہے، اور اس فہم و فراست کی بنیاد پر، اس مسٔلے کا ممکنہ بہترین حل نکالنا ہے۔ گاہک کو اہم جاننا یا صارف پر توجہ، ان چیزوں کی بنیاد درد مندی پر ہے۔
نا پائداری: بدلتی دنیا کے ساتھ موافقت پیدا کیجئیے
بدھ مت کے تجزیہ سے حقیقت کے متعلق ایک اور قیمتی بصیرت ملتی ہے: ہر چیز ہر وقت رو بہ تغیّر ہے – ہم بذات خود، ماحول، اور ہمارے گِرد سب لوگ۔ کسی نظریہ کے فریب میں آ جانا جو دیکھنے میں صاف ظاہر اور ٹھوس نظر آتا ہو بہت آسان ہے؛ مگر سرعت سے بدلتی ہوئی دنیا میں، ایسی سوچ اکثر تنگ نظری، ڈھٹائی اور ہٹیل پن کا باعث ہوتی ہے۔
ذرا نیٹ فلکس کی مثال لیجئیے۔ انہوں نے محسوس کیا کہ انٹرنیٹ نے ذرائع ابلاغ کے طور طریقے بدل دئیے ہیں۔ پرانے خیالات کے لوگوں کے ہاں ویڈیو مواد کے صرف کرنے کا ایک ہی طریقہ تھا: ڈی وی ڈی کراۓ پر لے لو۔ مگر نیٹ فلکس نے محسوس کیا کہ اس کا ایک آسان طریقہ بھی ہے- ویڈیو سٹریمنگ۔ ذرائع ابلاغ کے استعمال کی پوری کی پوری صنعت کو مارکیٹ اور صارفین کی عادات کا اندازہ نہ ہوا۔ لیکن نیٹ فلکس نے اسے سب سے پہلے پہچانا اور پوری صنعت کو ہمیشہ کے لئیے بدل دیا۔
اخلاقیات: اپنی، اپنی ٹیم کی اور صارف کی عزت کیجئیے
بودھی اخلاقیات کی بنیاد عدم تشدد پر ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہر کوئی مسرت کا خواہاں ہے اور کوئی بھی دکھ جھیلنا نہیں چاہتا۔ اگر ہم اپنے اعمال کی بنیاد اس اصول کو بنائیں اور دوسروں کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں تو ہم ان کی حرمت اور اعتماد جیت سکتے ہیں۔
اگر ہم اپنے ہمکاروں کی عزت کریں، تو اس سے ٹیم کے اندر اعتماد اور بھروسہ پیدا ہوتا ہے۔ ہم لوگوں کے منہ پر یا ان کے پیٹھ پیچھے ان کے بارے میں کوئی نا زیبا بات کہنے سے گریز کرتے ہیں، اور اپنا رویہ شفاف رکھتے ہیں۔ مزید بر آں، ہم اپنے گاہک کی جس قدر زیادہ عزت کریں ، تو بدلہ میں اتنا ہی اعتماد اور وفا پاتے ہیں۔ بڑے کاروبار جیسے زیپوس نے اپنا کاروباری نمونہ گاہک کی ضروریات کی اہمیت اور کارندوں کے درمیان طمانیت اور ایمانداری پر قائم کیا۔
خلاصہ
اپنے کاروبار کو تقویت دینے کے لئیے ہم پانچ بودھی اصولوں کو کام میں لا سکتے ہیں۔ یہ اصول درج ذیل ہیں:
- اپنے ہدف کو بیان کیجئیے
- علت و معلول کے قانون پر بھروسہ کیجئیے
- اپنے گاہک کے لئیے درد مندی اور تعلق خاطری پیدا کیجئیے
- نا پائداری کو مت بھولئیے اور اپنی سوچ میں لچک اور جدت پسندی قائم رکھئیے
- اخلاقی اصولوں پر عمل کیجئیے اور اپنے ہمکاروں اور گاہکوں کی عزت کیجئیے۔