غصہ: پریشان کن جذبات سے نبرد آزمائی

58:35
غصے سے مراد کسی شے یا کسی شخص کے لئیے جسے ہم ناپسند کرتے ہیں یا جس سے ہم خوف کھاتے ہیں، ایک نفرت انگیز احساس ہے۔ ایک پریشان کن جذبے کے طور پر یہ ہمارے من کے سکون کو برباد کر دیتا ہے اور ہم قابو سے باہر ہو جاتے ہیں۔ البتہ صبر پیدا کرنے کی مختلف مشقوں کے ذریعہ ہم غصہ سے بچ سکتے ہیں اور ایک خوشگوار زندگی گزار سکتے ہیں۔

زندگی کے مسائل

آج شام جو موضوع زیربحث ہے وہ ہے "جذبات سے نبرد آزمائی: غصے کا علاج"۔ میرا خیال ہے کہ اس موضوع پر ہم اس لئے بات کر رہے ہیں کہ ہم میں سے ہر کوئی یہ محسوس کرتا ہے کہ ہمیں اپنی زندگی میں کئ مسائل درپیش ہیں۔ ہم خوش رہنا چاہتے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہمیں کوئی مسٔلہ پیش آئے لیکن ہمیں مسلسل کئ تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کبھی ہم افسردہ ہو جاتے ہیں، ہمیں مشکلات پیش آتی ہیں اور ہمیں اپنے کام میں احساس مایوسی ہوتا ہے، معاشرے میں ناکامی، اپنی زندگی کے حالات اور خاندانی صورت حال پر پریشانی ہوتی ہے۔ ہمیں اپنے حسب منشا کچھ پانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ ہم کامیاب ہونا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے گھرانوں اور ہمارے کاروبار میں صرف اچھی باتیں واقع ہوں لیکن ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا۔ پھر جب ہمیں ایسے مسائل پیش آتے ہیں تو ہم ناخوش ہو جاتے ہیں۔ بعض اوقات ہمارے ساتھ وہ کچھ واقع ہو جاتا ہے جو ہم نہیں چاہتے کہ ہو، جیسے بیمار ہو جانا، یا بڑھاپے کی وجہ سے شدید نقاہت، یا قوت سماعت یا بصارت کا کھو دینا۔ یقیناً کوئی شخص نہیں چاہتا کہ اس کے ساتھ ایسا ہو۔

ہمیں اپنے کام کاج میں مسائل پیش آتے ہیں۔ بعض دفعہ حالات ایسے خراب ہوتے ہیں کہ کاروبار میں انحطاط آ جاتا ہے یا وہ ختم ہو جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایسا ہو مگر پھر بھی ہو جاتا ہے۔ بعض دفعہ ہمیں کوئی تکلیف پیش آتی ہے، ہم اپنا کوئی نقصان کر بیٹھتے ہیں، ہمیں کوئی حادثہ پیش آجاتا ہے، ہم بیمار ہو جاتے ہیں۔ ایسی باتیں مسائل بن کر واقع ہوتی رہتی ہیں جن کا ہم سامنا کرتے ہیں۔

ان کے علاوہ ہمیں کئی جذباتی اور نفسیاتی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ مسائل ایسے ہو سکتے ہیں جن کے بارے میں ہم دوسروں سے ذکر کرنا مناسب نہ سمجھیں۔ مگر اپنے اندر ہم دیکھیں گے کہ کچھ ایسی باتیں ہیں جو ہمیں اپنے بچوں سے وابسطہ توقعات کے حوالے سے پریشان کر رہی ہیں، ہماری فکرمندی، ہمارے خوف ہمارے لئے بہت سی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ اسے ہم کہتے ہیں "بے قابو، مائل بہ تکرار مسائل" (سنسار)۔

Top